سندھ پولیس کو پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں 33فیصد کمی کا حکم

 سندھ پولیس کو پٹرولیم مصنوعات  کے استعمال میں 33فیصد کمی کا حکم

کراچی (آئی این پی) پولیس اسٹیشنز کے علاوہ سندھ پولیس کے تمام یونٹس کو پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں 33 فیصد کمی کرنے کا فوری حکم جاری کردیا گیا۔

 فیول کریڈٹ لمٹ عبور کرنے والے یونٹس ہیڈ اورموٹر ٹرانسپورٹ آفیسرکے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی کفایت شاری مہم میں سندھ پولیس بھی پیش پیش ہے ،سندھ پولیس کی تمام یونٹس کو پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں 33 فیصد کمی کرنے کا فوری حکم جاری کردیا گیا۔ کفایت شعاری کے حوالے سے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے تمام ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جیز ،تمام ایس ایس پیز،ایس پیز اور تمام اے آئی جیز کو حکم نامی جاری کیا گیا ہے ۔ حکم نامہ میں سندھ پولیس کے تمام یونٹس اور دفاتر کو پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں نمایاں کمی کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جبکہ پولیس اسٹیشنز کی پیٹرولنگ موبائل اس سے مستثنیٰ ہونگی،ان کا فیول کم نہیں ہوگا۔ حکم نامے میں ہر یونٹ کو اپنی ضرورت اورآپریشنل ذمہ داریوں کے مطابق فیول پلان بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ حکم نامے میں پولیس اسٹیشن کے علاوہ ہر یونٹ کو چوتھی سہ ماہی میں ماہانہ اخراجات 33 فیصد کم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔حکم نامے میں کہا گیا کہ فیول کریڈٹ لمٹ عبور کرنے پرسخت کارروائی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والے یونٹس ہیڈ اورموٹرٹرانسپورٹ آفیسرکے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ حکم نامے میں تمام یونٹس کو 3 دن میں پٹرولیم مصنوعات سے متعلق نظرثانی منصوبہ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں