کل سے مزید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈنگ کا خطرہ

کل سے مزید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ، فلیش فلڈنگ کا خطرہ

پنجاب، خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں ژالہ باری، پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا، سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں، NDMAالرٹ

اسلام آباد (اے پی پی)محکمہ موسمیات نے 16 سے 19 اپریل کے دوران بارش،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کی پیشگوئی کی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے ۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 اپریل کو ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس دوران اسلام آباد ، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک،چکوال،جہلم سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے ۔ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ،مہمند،صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، خیبر اور ہنگو میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری، پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے ۔ دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ، حویلی،سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے ۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ، تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور ڈھانچوں اور فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے ۔ ادھر این ڈی ایم اے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے الرٹ جاری کر دیا۔ شدید بارشوں سے پہاڑی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ۔ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کے سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کریں۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں