57 ہزار 650میٹرک ٹن ڈیزل لیکر لائیبریا کا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا
کراچی( کامرس رپورٹر)پاکستان کیلئے ڈیزل کی ایک بڑی کھیپ لے کر لائبیریا کابحری جہاز لامو یورپ سے کراچی پہنچ گیا ہے ، جسے پورٹ قاسم پر لنگر انداز کر دیا گیا ۔
بندرگاہ حکام کے مطابق یہ جہاز نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم سے 57 ہزار 650 میٹرک ٹن ڈیزل لے کر آیا ہے ، جو ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔پورٹ قاسم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ بحری جہاز فوٹکو آئل ٹرمینل پر ڈیزل کی ڈسچارجنگ کرے گا جہاں سے تیل کی ترسیل ملک کے مختلف حصوں میں کی جائے گی ۔توانائی ماہرین کے مطابق اس بڑی کھیپ کی آمد سے ڈیزل کی دستیابی بہتر ہونے کے ساتھ قیمتوں پر دباؤ میں کمی آنے کابھی امکان ہے ۔خصوصاً ایسے وقت میں جب ملک میں صنعتی و ٹرانسپورٹ سیکٹر کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان اپنی پٹرولیم ضروریات کا بڑا حصہ درآمدات کے ذریعے پورا کرتا ہے اور اس نوعیت کی بڑی کھیپوں کی بروقت آمد توانائی سپلائی چین کو مستحکم رکھنے میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے ۔