بورڈ امتحان:کالجز سے شرکت کیلئے داخلہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

 بورڈ امتحان:کالجز سے شرکت کیلئے داخلہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

امتحانی نظام سخت ، اساتذہ کو طلبہ کے نتائج کا براہِ راست ذمہ دار قرار دیدیا گیا داخلہ پالیسی بھی مزید سخت ،ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے 40 نمبر لینا لازمی ہوگا

لاہور(خبر نگار)پنجاب بھر کے کالجز سے بورڈ امتحانات میں شرکت کیلئے داخلہ ٹیسٹ اور امتحانی نظام سخت کرنے کا فیصلہ، داخلہ ٹیسٹ میں پاسنگ مارکس بڑھا دیئے گئے جبکہ اساتذہ کو طلبہ کے نتائج کا براہِ راست ذمہ دار قرار دیدیا گیا۔ سرکاری کالجز میں امتحانی داخلہ پالیسی مزید سخت کر کے اب امتحانات کیلئے داخلہ ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے 33 کی بجائے 40 نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔محکمہ کالجز کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے ۔  اساتذہ کی کارکردگی کو بھی طلبہ کے نتائج سے مشروط کر دیا گیا ہے ۔ نئی ہدایات کے تحت کالجز کو انٹر میں کم از کم 80 فیصد طلبہ کو پاس کروانا ہوگا، بصورت دیگر متعلقہ اساتذہ کیخلاف کارروائی ہوگی۔ڈی پی آئی  کالجز ڈاکٹر عنصر اظہر کا کہنا ہے کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے کالجز کو نا صرف سراہا جائے گا بلکہ پوزیشن لینے والے اداروں کو نقد انعامات بھی دیئے جائینگے ۔تعلیمی ماہرین کے مطابق نئی پالیسی سے معیارِ تعلیم میں بہتری متوقع ہے تاہم اساتذہ پر دباؤ بڑھ سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں