غیر قانونی پیوندکاری :ڈاکٹر کی درخواست ضمانت پرحتمی دلائل طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں گردے کی غیر قانونی پیوندکاری کیس پر سماعت ،جسٹس اسجد جاوید گھرال نے ملزم ڈاکٹر طارق رشید کی درخواست ضمانت پرحتمی دلائل مئی کے پہلے ہفتے میں طلب کر لئے۔
وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار دو سال سے قید ہے ،شریک ملزموں کی ضمانت ہو چکی ہے ۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ صحت کا شعبہ اچھاہے ڈاکٹرز کو کیا ہو جاتا ہے ؟سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ڈاکٹر لالچ میں آ کر ایسا کام کرتے ہیں، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شریک ملزموں کی ضمانت سے فرق نہیں پڑتا، ڈاکٹر کیس کا مرکزی ملزم ہے ، ملزم نے موقف اپنایا گزشتہ سماعت پر آپ نے وعدہ کیا تھا،عدالت نے باور کرایا کوئی وعدہ نہیں کیا تھا،کہا تھا دلائل مکمل کریں ضمانت بنتی ہوئی تو دیدیں گے ،عدالت نے واضح کیا کہ تھوڑی سے گنجائش بھی ہوتی تو ضمانت دے دیتے ،میرے بعد کوئی دوسرا جج سن کر فیصلہ کر دے گا۔ سرکاری و کیل نے موقف اپنایا ملزم ڈاکٹر نے 36 لاکھ کے عوض گردے کی غیر قانونی پیوندکاری کی،گردہ دینے والا بعد ازاں وفات پا گیا،تحقیقات میں ڈاکٹر سے 20لاکھ برآمد کئے ۔