ایڈوانس ٹیکسز کے خاتمے کا اشارہ مل گیا: ایس ایم تنویر

ایڈوانس ٹیکسز کے خاتمے کا اشارہ مل گیا: ایس ایم تنویر

کراچی انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے خصوصی پلان تیارکیا جارہا ہے ، پیٹرن انچیف یو بی جی

کراچی(کامرس رپورٹر)یو بی جی کے پیٹرن انچیف اور معروف بزنس لیڈر ایس ایم تنویر نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم سے ہونے والی اہم ملاقات میں ایڈوانس ٹیکسز کے خاتمے کا واضح اشارہ مل گیا ہے ۔ دنیا نیوز کو خصوصی انٹریو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکشن 236 سی، 236 اے اور سیون ای جیسے ٹیکسز کو ختم کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے ، جس سے کاروباری طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا اور بالخصوص پراپرٹی سیکٹر میں نئی جان آئے گی۔ ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ حکومت ایک لانگ ٹرم بزنس فرینڈلی پالیسی متعارف کرانے جا رہی ہے جس کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا اور بیرون ملک منتقل ہونے والا سرمایہ واپس  پاکستان لانا ہے ۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ موجودہ مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی سرمایہ کاری ملک میں منتقل کریں۔

انہوں نے ایک اہم وارننگ بھی جاری کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ایرانی تاجروں کے اربوں ڈالر ضبط کرکے انہیں بے دخل کیا گیا لہٰذا پاکستانی سرمایہ کاروں کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ حکومت اگر تین ماہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس اور لیوی صفر کر دے تو معیشت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے ، مہنگائی کم ہوگی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا ۔کراچی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت شہر قائد کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کر رہی ہے جبکہ سندھ حکومت بھی اس حوالے سے متحرک ہو چکی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا انفرااسٹرکچر دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں بہت پیچھے رہ گیا ہے جس کی بہتری کے بغیر معاشی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں حکومتی اقدامات سے نہ صرف بزنس کمیونٹی کو ریلیف ملے گا بلکہ پاکستان کی معیشت بھی استحکام کی جانب گامزن ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں