مریم نواز کی قیادت میں گڈ گورننس کے نئے معیار قائم:عظمیٰ بخاری
سال میں 100 سے زائد منصوبے شروع، گرین ٹرانسپورٹ ہر ضلع تک پہنچانے کا اعلان کسانوں کیلئے اربوں کا پیکیج، موٹر سائیکل سبسڈی اور مریم کی دستک پروگرام پر بریفنگ
لاہور(نیوزایجنسیاں )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی انتھک محنت، لگن اور عوامی خدمت کے جذبے نے صوبے میں گڈ گورننس کے نئے معیارات قائم کر د یئے ہیں۔ حالیہ سروے میں 69 فیصد عوام کا وزیراعلیٰ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کی عوام اپنی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتی ہے ۔ کسی بھی لیڈر کے لیے عوام کی رائے سب سے مقدم ہوتی ہے ۔ ماضی میں حکومتیں پانچ سال میں بھی 100 منصوبے مکمل نہیں کر پاتی تھیں، لیکن مریم نواز شریف نے محض ایک سال کے مختصر عرصے میں نہ صرف 100 سے زائد منصوبے شروع کیے بلکہ ان میں سے نصف سے زائد فعال ہو چکے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وسائل پہلے بھی اتنے ہی تھے ، مگر اب ان کا رخ درست سمت میں موڑ کر براہِ راست عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے ۔
مریم نواز نے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کا کلچر ختم کر دیا ہے ۔ ''مریم کی دستک'' پروگرام کے ذریعے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ سمیت دیگر ضروری سہولیات عوام کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں، نئی میٹروز اور گرین بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔ اپریل کے آخر تک 100 نئی بسیں فلیٹ میں شامل ہوں گی جبکہ مئی کے آخر تک مزید 400 بسوں کا اضافہ کیا جائے گا، جس کے بعد پنجاب کا کوئی ضلع گرین ٹرانسپورٹ سے محروم نہیں رہے گا۔ زرعی شعبے کے لیے اربوں روپے کا تاریخی پیکیج لایا گیا ہے اور آئی ایم ایف پروگرام کی پابندیوں کے باوجود کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ایک طرف مریم نواز شریف میٹروز، بسیں اور مفت ادویات کی گھروں تک فراہمی جیسے منصوبے چلا رہی ہیں، تو دوسری طرف کچھ لوگوں کے مقدر میں صرف دھرنے ، رونا دھونا اور ملک کے خلاف سازشیں کرنا لکھا ہے۔
کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں جعلی لنگڑا اور نابینا بننے کا شوق ہے مگر حقیقت میں وہ بالکل ٹھیک ہے ۔ اسکی صحت کی فکر اتنی اس کے گھر والوں کو نہیں جتنی حکومت کو ہے ۔ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والے ٹولے میں شامل نہیں بلکہ استحکام اور ترقی کے علمبردار ہیں۔ موٹر سائیکل سبسڈی پروگرام کے حوالے سے وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ جن افراد کی رجسٹریشن اور ویری فکیشن مکمل ہو چکی ہے ، انہیں ادائیگیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ کسی بھی طبقے ، بالخصوص معذور افراد، کو سبسڈی سے محروم نہیں رکھا گیا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں اس حوالے سے غلط تاثر دیا گیا، جس کی وضاحت کے لیے حکومت نے حقائق پر مبنی مو قف بھی جاری کیا ہے ۔