کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات، وزارت دفاع کی تعاون کی یقین دہانی
انتخابی شیڈول،الیکشن انعقاد کیلئے حکومت سے مشاورت و قانونی تقاضے مکمل کرنیکا فیصلہ آئین کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری:سکندر سلطان راجہ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات سے متعلق اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ دفاع اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس نے بروقت انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت اور قانونی تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں گے تاکہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول اور الیکشن کا انعقاد یقینی بنا سکے ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں مقامی حکومتیں موجود ہیں، آئینِ کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں گزشتہ بلدیاتی انتخابات 12 ستمبر 2021ء کو ہوئے اور آخری کنٹونمنٹ بورڈ کامرہ کی مدت 11 اپریل 2026ء کو مکمل ہو چکی،کنٹونمنٹ بورڈز بلدیاتی انتخابات 8 اگست تک منعقد کرانا ضروری ہے ۔ کمیشن سے درخواست کی گئی کہ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے وفاقی حکومت سے مشاورت کی جائے ۔