مسلم حکمران جان لیں وحدت کے بغیر ہمیشہ استعمال ہوتے رہیں گے : فضل الرحمٰن

مسلم حکمران جان لیں وحدت کے بغیر ہمیشہ استعمال ہوتے رہیں گے : فضل الرحمٰن

اسلامی بلاک کا قیام ہماری خواہش ،منشور کا حصہ ،امہ کا مل بیٹھ کر مضبوط قوت سے مسائل کو حل کرنا وقت کا تقاضا ہے قبلہ اول کا تحفظ ، آزادی ہرمسلمان کا فرض:ایرانی سفیر سے گفتگو،جاندار موقف پر ایرانی قوم شکرگزار:رضا امیری مقدم

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی قیادت میں وفد نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،اس موقع پر امریکا ایران جنگ کے اثرات سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ،ایرانی سفیر نے مولانا فضل الرحمن سے کہا کہ ایران امریکا جنگ کے بارے میں آپکے جاندار موقف پر ایرانی قوم کی طرف سے شکر گزار ہوں ، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی پاکستان کا اعزاز ہے ،جنگ بندی کی توقع اور مستقل امن کی تمنا کے ساتھ اسلامی بلاک کا قیام ہماری خواہش ہے اوراسلامی بلاک ہمارے منشور کا بھی حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کو سبق سیکھنا چاہیے کہ وحدت کے بغیر ہم ہمیشہ استعمال ہونگے اور ہم اپنے وسائل کے خود مالک نہیں ہونگے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک کی خود مختاری کا احترام ہونا چاہیے ،فلسطین کی آزادی ہمار ے مدنظر ہونی چاہیے ،مسلم امہ کا مل بیٹھ کر مضبوط قوت سے مسائل کو حل کرنا وقت کا تقاضا ہے ،قبلہ اول بیت المقدس کا تحفظ اور اسرائیل کے ناجائز قبضے سے اس کی آزاد ی ہر مسلمان اپنا فرض منصبی سمجھتا ہے ، ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے مولانا فضل الرحمن سمیت پاکستانی عوام کا ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ،پاکستانی عوام ،علماء اور مختلف طبقہ فکر کا مضبوط اور متوازن موقف قابل تحسین ہے ۔ ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، کامران مرتضیٰ، محمد اسلم غوری، مولانا اسجد محمود، مفتی ابرار شریک تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں