غیر ملکی تعلیم، امیگریشن کنسلٹنسی کیلئے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل
وزیر قانون کمیٹی کے سربراہ ، کمیٹی کو نئے ماڈلز کے تحت قوانین تجویز کرنیکا ٹاسک کمیٹی سٹیک ہولڈرز، وفاقی و صوبائی اداروں سے مشاورت کے بعد مسودہ تیار کریگی
اسلام آباد (ایس ایم زمان )وزیراعظم شہباز شریف نے غیر ملکی تعلیم اور امیگریشن کنسلٹنسی سروسز کے حوالے سے ایک جامع ریگولیٹری اور قانون سازی کا فریم ورک تیار کرنے کیلئے وفاقی وزیر قانون و ا نصاف کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دیدی ، وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر قائم کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے جبکہ ار کان میں داخلہ، خارجہ امور، اوورسیز پاکستانیز اور وفاقی تعلیم کے سیکرٹریز سمیت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین بھی شامل ہوں گے ، کمیٹی کو ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی تعلیمی ، امیگریشن مشاورتی اداروں کے موجودہ طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لے اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین ماڈلز کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے قوانین تجویز کرے ،کمیٹی کی بنیادی ترجیحات میں ان قانونی اور ادارہ جاتی خلاء کی نشاندہی کرنا ہے جن کی وجہ سے فراڈ، دستاویزات میں جعل سازی اور طلباء کے استحصال جیسے مسائل جنم لیتے ہیں ،کمیٹی اس حوالے سے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز، وفاقی اور صوبائی اداروں سے مشاورت کے بعد اپنی سفارشات اور مجوزہ قانون سازی کا مسودہ تیار کرے گی۔ کمیٹی اپنی حتمی سفارشات 30 دن کے اندر پیش کرے گی، وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کمیٹی سیکرٹریٹ کے طور پر کام کرے گی۔