عازمین ِ حج کیلئے مفت سم کارڈز انٹرنیٹ ڈیٹا پیکیج کااعلان
اسلام آباد (آئی این پی)حکومتِ پاکستان نے عازمین حج کیلئے مفت سم کارڈز اور انٹر نیٹ ڈیٹا منٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ عازمین کو نا صرف سعودی عرب میں رابطے کیلئے مفت سم کارڈز فراہم کیے جائینگے بلکہ ملک بھر میں ایک روزہ حج پراسیسنگ سسٹم بھی متعارف کروا دیا گیا ہے تاکہ تمام ضروری مراحل ایک ہی دن میں مکمل ہو سکیں۔
ہر حاجی کو سعودی عرب میں استعمال کیلئے مقامی سم کارڈ بلا معاوضہ دیاجائے گا۔قیام کی مدت کے لحاظ سے پیکیجز دیئے جائینگے ، لانگ پیکیج (40 دن)کے تحت عازمین کو 600 لوکل و انٹرنیشنل منٹس اور 40 جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا مفت ملے گا۔شارٹ پیکیج کے تحت جانیوالے حاجیوں کو 300 لوکل و انٹرنیشنل منٹس اور 25 جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا ملے گا۔عازمین کی سہولت کیلئے ملک بھر میں ایک روزہ حج پراسیسنگ سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے ،عازمین ایک ہی دن میں ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات تربیت، ویکسی نیشن، ویزا پراسیسنگ اور سفری دستاویزات کی تکمیل کر سکیں گے ۔اس سسٹم سے حج کے مراحل تیز، موثر اور کم خرچ ہو جائینگے ، توقع ہے کہ اس جدید سسٹم سے 1 لاکھ 19 ہزار سے زائد عازمین فائدہ اٹھائیں گے ۔