واپڈاافسروں کے فری یونٹس ختم کرنا درست فیصلہ:ہائیکورٹ

  واپڈاافسروں کے فری یونٹس ختم کرنا درست فیصلہ:ہائیکورٹ

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے واپڈا و پاور کمپنیوں کے گریڈ 17کے افسروں کی فری بجلی یونٹس سے ختم کرنے کے خلاف تمام درخواستیں خارج کردیں اور واضح کیا کہ واپڈا اور بجلی فراہم کرنے والے کمپنیز کے گریڈ 17کے ملازمین سے مفت بجلی یونٹس فراہم کی سہولت واپس لینے کا فیصلہ درست ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک جاوید اقبال نے 14صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا اورفری بجلی یونٹس ختم کرنے کا وزارت انرجی کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے درخواستیں خارج کردیں۔عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ فری بجلی یونٹس کوئی بنیادی یا قانونی حق نہیں ،یہ سہولت تھی جسے پالیسی کے تحت تبدیل کیا جا سکتا ہے ،فری بجلی یونٹس کسی قانون یا رول کے تحت ثابت نہیں کئے جا سکے ۔حکومت نے مالی مسائل اور سرکلر ڈیٹ کے پیش فری یونٹس سے متعلق پالیسی فیصلہ کیا،حکومت کو ایسے مالی و انتظامی پالیسی کے فیصلوں کا اختیار حاصل ہے ،عدالت پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی جب تک غیر قانونی یا غیر آئینی کام نہ ہو ۔ درخواست گزاروں کے مطابق ان کے تقرری لیٹر میں فری یونٹس کا ذکر کیا گیا ہے تاہم وہ کوئی بدنیتی، غیر قانونی یا آئینی خلاف ورزی ثابت نہ کر سکے ۔عدلیہ ایگزیکٹو کے دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں کر سکتی ،پالیسی فیصلوں میں عدالتی مداخلت محدود ہوتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں