رحمن بابا ایکسپریس میں آتشزدگی ریلوے پولیس اہلکار جاں بحق

رحمن بابا ایکسپریس میں آتشزدگی  ریلوے پولیس اہلکار جاں بحق

کراچی ،شورکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک ،نمائندگان دنیا)کراچی سے پشاور جانے والی رحمن بابا ایکسپریس کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی، ریلوے پولیس اہلکاردھویں سے شدید متاثر ہو کرجاں بحق ہوگیا۔

ادھر راولپنڈی سے کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس شورکوٹ کینٹ ریلوے سٹیشن پر فنی خرابی کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، جہاں ٹرین کو فوری طور پر روک لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی رحمن بابا ایکسپریس کے انجن میں کراچی سے تقریباً 55 کلومیٹر کے فاصلے پر گدر اور دھابیجی سٹیشن کے درمیان آگ بھڑکی، قابو پانے کے دوران ڈیوٹی پر موجود ریلوے پولیس کراچی ڈویژن کے انسپکٹر مختیار مہر آگ بجھانے کے دوران دھویں سے شدید متاثر ہوا، اور دم توڑ گیا۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو پھیلنے سے روک دیا گیا اور ٹرین میں موجود تمام مسافر محفوظ رہے ۔ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ایکسپریس کے پاور پلانٹ کی نوڈ پن ٹوٹنے کے باعث خرابی پیدا ہوئی جو شورکوٹ کینٹ سٹیشن پہنچنے پر سامنے آئی۔ حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ بوگی کو ٹرین سے الگ کر دیا اورمتاثرہ بوگی میں سوار مسافروں کو محفوظ طریقے سے دوسری بوگیوں میں منتقل کر دیا گیا جس کے بعد ٹرین کو اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں