ٹرمپ نے ایران سے جنگ کر کے غلطی کی:اعتزاز احسن
ہماری حکمران کلاس اور عوام میں واضح فرق پیدا ہو چکا :تقریب سے خطاب
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ممتاز قانون دان وسابق وزیر قانون بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں ایران نے حیرت انگیز جنگی حکمت عملی کا مظاہرہ کر کے امریکا، اسرائیل دونوں ایٹمی طاقتوں پر برتری حاصل کی ، امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کر کے غلطی کی، جس کا اسے بہت نقصان ہوا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ٹی ہاؤس میں ادبی تنظیم انجمن ترقی پسند مصنفین کے زیر اہتمام خصوصی تقریب میں کیا ،معروف ادیب حسن جعفر زیدی اوراستاد ڈاکٹر سید عظیم نے بھی خطاب کیا۔بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہمارے حکمران اربوں ڈالرز کے قرضے لے کر اپنی تجوریاں بھرتے اور محلات تعمیر کرتے رہے لیکن عوامی مفاد کا کوئی بھی میگا منصوبہ مکمل نہیں کر سکے ،آج ہماری حکمران کلاس اور عوام میں واضح فرق پیدا ہو چکا جس نے بہت سے مسائل کو جنم دے رکھا ہے ۔قبل ازیں حسن جعفر زیدی نے کہا کہ چین اس وقت سب سے بڑا پلیئر ہے اور وہ اپنی معیشت کو مضبوط اور توانا بنانے کو ہی ترجیح دیتا ہے ۔ڈاکٹر سید عظیم نے کہا کہ اس وقت اگرچہ انقلابی دور کا آغاز ہو چکا لیکن سوال یہ ہے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں ۔