سینیٹ کمیٹی :ایچ ای سی میں خواتین کی 33فیصد نمائندگی کابل منظور
قائداعظم یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ میں بھی نمائندگی مل گئی، سینیٹر کامران کا اعتراض جاری منصوبوں کیلئے 33432ملین، نئے کیلئے 8279ملین درکار ہیں، وزارت تعلیم
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور قائداعظم یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ میں خواتین کی 33فیصد نمائندگی سے متعلق بل منظور کر لیا۔اجلاس میں سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ صرف خواتین کے لیے کوٹہ مختص کرنے سے میرٹ پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔وزارتِ تعلیم نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 23 منصوبے مکمل کیے جائیں گے جن میں 16 جاری اور 7 نئے منصوبے شامل ہیں۔ حکام کے مطابق جاری منصوبوں کے لیے 33432 ملین روپے جبکہ نئے منصوبوں کے لیے 8279 ملین روپے درکار ہوں گے ، یوں مجموعی ضرورت 41711.186 ملین روپے بنتی ہے ۔دوسری جانب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر سے متعلق تفصیلات کمیٹی میں پیش کیں۔ بریفنگ کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 775 میں سے 615 ڈگریوں کی تصدیق مکمل کی گئی جن میں جنوری میں 268، فروری میں 207 اور مارچ میں 90 ڈگریوں کی تصدیق شامل ہے ۔حکام نے بتایا کہ کسی بھی علاقائی مرکز میں تصدیق کا کوئی کیس زیر التوا نہیں۔