پاکستان ترکیہ کی انسداد دہشتگردی فوجی مشق جناح 13 مکمل
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان اور ترکیہ کی انسداد دہشتگردی کی مشترکہ فوجی مشق جناح 13 کامیابی سے مکمل کر لی گئی، یہ مشق ترکیہ کے شہروں انقرہ اور اسپرٹا میں ہوئی، جس میں پاکستان آرمی کے کمانڈوز نے ترک سپیشل فورسز کے ہمراہ بھرپور شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران دونوں ممالک کی افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، مشق کے تمام تربیتی اور عسکری سفارتی اہداف کامیابی سے حاصل کر لئے گئے ۔مشق کا بنیادی مقصد انسداد دہشتگردی کارروائیوں سے متعلق جدید طریقہ کار، حکمت عملی اور مہارتوں کو مزید بہتر بنانا تھا، اس دوران شہری علاقوں میں لڑائی اور بارودی مواد سے نمٹنے کے حوالے سے خصوصی تربیت پر زور دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشترکہ مشق دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط فوجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا باعث بھی بنی، جو مستقبل میں دفاعی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔