اسلام آباد مذاکرات : جڑوں شہروں میں سکیورٹی سخت، ٹرانسپورٹ اڈے 10 روز کیلئے بند
ریڈ زون میں ایف سی، رینجرز تعینات ،غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند ،میٹرو بس وی آئی پیز کی آمد سے 72گھنٹے قبل معطل ہوگی مقررہ وقت کے بعد روانہ ہونیوالی تمام گاڑ یوں کو روکنے کی ہدایت،راولپنڈی، اسلام آباد میں انٹر اسٹی ٹرانسپورٹ بحال رہے گی
اسلام آباد ، راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے ،خبر نگار )اسلام آباد مذاکرات کا ممکنہ دوسرا مرحلہ، جڑواں شہروں میں سکیورٹی سخت کردی گئی ،وفاقی دارالحکومت میں حسا س مقامات ،ریڈ زون کے باہر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور ایف سی کی نفری بھی تعینات کر دی گئی، ریڈزون میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا ، مختلف شاہرا ہوں پر اضافی ناکے لگاد ئیے گئے ہیں، کالے شیشے والی گاڑیوں یا شیڈ کے استعمال پر مزید سختی کردی گئی ، گز شتہ رات 12 بجے سے راولپنڈی اسلام آباد کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے بند کر دئیے گئے ،دیگر اضلاع سے راولپنڈی ،اسلام آباد آنے والی ٹریفک بھی معطل رہے گی، جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں انٹر اسٹی ٹرانسپورٹ بحال رہے گی ،جڑواں شہروں کے ٹرانسپورٹ اڈے 26 اپریل تک بند رہیں گے۔
میٹرو ریڈ اور گرین الیکٹرک بس سروس کو وی آئی پیز کی آمد سے 72 گھنٹے قبل بند کیا جائے گا ، سیکرٹری آر ٹی اے سید اسد عباس کے مطابق اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کی سفارتی مصروفیات کے پیشِ نظر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے تحت، راولپنڈی کے بس اڈوں اور ٹرمینلز سے تمام بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ آپریشنز اگلے احکامات تک عارضی طور پر معطل کر د ئیے گئے ہیں۔یہ فیصلہ جمعرات کو سی ٹی او آفس راولپنڈی میں مشترکہ اجلاس میں کیا گیا ،تمام بس اڈوں کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ مقررہ وقت کے بعد روانہ ہونے والی تمام گاڑیوں کو روک دیا جائے ، جبکہ وہ گاڑیاں جو معطلی سے قبل روانہ ہو چکی ہیں، انہیں مربوط سکیورٹی انتظامات کے تحت اپنا سفر مکمل کرنے کی اجازت دی جائے گی۔یہ اقدامات عوامی مفاد میں سکیورٹی کو یقینی بنانے ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور اسلام آباد راولپنڈی ریجن میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے کئے کئے گئے ہیں۔