حج آپریشن :مدینہ منورہ میں مشاورتی اجلاس ، تیاریوں کا جائزہ
سعودی اداروں کیساتھ رابطہ کاری مکمل، کل 660 حجاج مدینہ پہنچیں گے زیادہ تر انتظامات ڈیجیٹائز نظام کے تحت کئے گئے ، ڈائریکٹر مدینہ کی بریفنگ
مدینہ منورہ ، اسلام آباد (اے پی پی، اپنے رپورٹر )پاکستانی حجاج کی مدینہ منورہ آمد کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈائریکٹوریٹ حج مدینہ میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا ، اجلاس میں 18 اپریل سے شروع ہونے والے حج آپریشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ، ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کوآرڈی نیٹر مکہ ذوالفقار خان، سربراہ حج میڈیکل مشن کرنل محمد توقیر ملک، کوآرڈی نیٹر مدینہ کاشف حسین ، ڈپٹی کوآرڈی نیٹر مصباح الر حمن سمیت دیگر اعلی ٰافسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا نے رہائش، کھانے ، ٹرانسپورٹ اور ایئرپورٹ پر حجاج کے استقبال کے لئے کئے گئے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس بار زیادہ تر انتظامات ڈیجیٹائز نظام کے تحت کئے گئے ہیں ،حکام کے مطابق حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کل 18 اپریل کو ہوگا، تین پروازوں کے ذریعے 660 پاکستانی حجاج مدینہ منورہ پہنچیں گے ،حجاج کو نسک اور سم کارڈز کی فوری فراہمی کے لئے متعلقہ سعودی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری مکمل کر لی گئی ،عملے کو ہدایت کی گئی کہ ان کارڈز کی تقسیم انتہائی احتیاط ذمہ داری سے کی جائے ۔اجلاس میں کوآرڈی نیٹر مکہ ذوالفقار خان ،کوآرڈی نیٹر مدینہ کاشف حسین نے تیاریوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آپریشنل اور مقامی ٹیموں کے درمیان قریبی رابطہ ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے ۔