قومی مفاد کیلئے سب جماعتوں کومتحد ہونا چاہئے :گورنر پنجاب

 قومی مفاد کیلئے سب جماعتوں کومتحد ہونا چاہئے :گورنر پنجاب

امریکا ، ایران میں ثالثی کا کردار ، پاکستان بننے کے بعد سب سے بڑی کامیابی پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے :سردار سلیم حیدر، گفتگو

لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران میں ثالثی کا کردار پاکستان بننے کے بعد سب سے بڑی کامیابی ہے ،ملکی قیادت نے سفارتی سطح پر اپنا لوہا منوایا ،پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ،کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والے میرے لیے قابل احترام ہیں، قومی مفاد کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں سابق ایم این اے سردار ذوالفقار کی قیادت میں چکوال کی 25 یونین کونسلز کے سابق چیئرمینز سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران کیا،اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ ڈویژنل صدر اشعر حیات ، ضلعی صدر راجہ رضوان، راجہ عباس اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے امریکا اور ایران جنگ بندی کروانے پر پوری دنیا میں عزت دی ،پاکستانی قیادت اور اس کی ٹیم نے سفارتی سطح پر دنیامیں ملکی وقار بلند کیا،دعا ہے اللہ تعالٰی پاکستان کو ثالثی میں سرخرو کرے ۔ گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن تمام سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا صرف اور صرف ملکی تعمیر و ترقی اور معاشی طور پر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہونا چاہئے ،پاکستان کو ایسا ملک بنانا ہے جس میں قانون کی بالادستی و حکمرانی ہو اور کسی شہری کے ساتھ ناانصافی نہ ہو ،پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ اپنے محنتی ورکرز کوآگے لاتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں