صدر زرداری ،شہبازشریف کا لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا، صدر زرداری نے کہا یہ جنگ بندی دیرپا امن کی جانب پیش رفت کا ایک موقع ہے۔
پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے فروغ کے لئے ہر مخلصانہ اقدام کی حمایت جاری رکھے گا، امریکا اور ایران کے درمیان جاری دو ہفتے کی جنگ بندی کے وسیع تر مفادمیں لبنان میں بھی شامل تھا جس کی اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے کہا اس اقدام کی کسی بھی انحراف سے کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ اس اہم مرحلے پر ضروری ہے کہ تمام فریقین تحمل اور ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں ۔شہباز شریف نے کہا اس سے پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی ،یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں جراتمندانہ اور دانشمندانہ سفارتی کوششوں کے ذریعے ممکن ہوا،پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور خطے میں دیرپا امن کے لئے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔