اینٹی کرپشن کے محکمہ خوراک دفاتر پرچھاپے ، ریکارڈ ضبط، ایک گرفتار

اینٹی کرپشن کے محکمہ خوراک دفاتر پرچھاپے ، ریکارڈ ضبط، ایک گرفتار

گھوٹکی میں 40کروڑ روپے سے زائد کی گندم، باردانے میں سنگین بے قاعدگیاں حیدر آباد سے یونس قادر مسیح پکڑا گیا، 500میٹرک ٹن گندم خورد برد کاالزام

گھوٹکی، حیدر آباد(نمائندگان دنیا)اینٹی کرپشن نے گھوٹکی اور حیدر آباد میں چھاپے مار کر ریکارڈ ضبط کرکے ایک فوڈ انسپکٹر گرفتار کرلیا۔ گھوٹکی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ذیشان منگی اور انسپکٹر عبدالفتاح مہر نے اینٹی کرپشن ٹیم کے ہمراہ محکمہ خوراک کے دفتر گھوٹکی ایٹ میرپور ماتھیلو پر چھا پہ مارا، کارروائی کے دوران تقریباً 40 کروڑ روپے کی گندم میں مبینہ خورد برد پرریکارڈ تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کے ریکارڈ میں 40 کروڑ روپے سے زائد کی گندم اور سرکاری باردانے کے حوالے سے سنگین بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق گندم کی خورد برد کے اس فراڈ میں مبینہ طور پر فوڈ انسپکٹر اور فوڈ سپروائزر ملوث ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر اوباڑو فوڈ سینٹر سے گندم اٹھا کر فروخت کی ہے ۔ حیدر آباد میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیدرآباد نے گندم اسکینڈل میں ملوث فوڈ انسپکٹر کو گرفتار کرکے مقدمہ تفتیش شروع کردی، گرفتار فوڈ انسپکٹر یونس قادر مسیح پر الزام ہے کہ اس نے 2024ء کے دوران 500 میٹرک ٹن سے زائد سرکاری گندم میں خوردبرد کی تھی جس سے خزانے کو 7 کروڑ 33لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، جس کی ایف آئی آر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیدرآبا دکی جانب سے 5/2026 درج کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اینٹی کرپشن ڈویژنل ڈائریکٹر عمران حسین ڈاوچ اور انسپکٹر آغا حسن کا کہنا ہے کہ گندم کی کرپشن میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں