باسی کیک، بریانی کھانے سے 44افراد کی حالت خراب

 باسی کیک، بریانی کھانے سے 44افراد کی حالت خراب

سرگودھا میں باسی کیک سے قے شروع، 40متاثرین ہسپتال منتقل ، بیکری سیل پتوکی میں رات کی بچی کھچی بریانی ناشتے میں کھانے سے 4افراد کی حالت بگڑی

46اڈا،قصور(نمائندگان دنیا )سرگودھا کے تھانہ عطاء شہید کے چک نمبر 115جنوبی میں ارشد گجر کی تین سالہ بیٹی ریحا کی سالگرہ پر 8پونڈ کا باسی کیک کھانے سے 40کے قریب لوگوں کی حالت خراب اور فوڈ پوائزننگ ہوگئی۔ پتوکی میں بھی باسی بریانی کھانے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی حالت غیرہوگئی۔ پہلے واقعہ میں چودھری نذیر گجر کے ڈیرہ پر سالگرہ تقریب تھی اور نواحی چک 46جنوبی کی بیکری سے سالگرہ کاکیک منگوایا گیا جسے کھاتے ہی40کے قریب افراد کو قے آنا شروع ہوگئی، انہیں فوری طبی امداد کیلئے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں  منتقل کیا گیا جہاں اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔زہریلا کیک کھانے سے متاثر ہونے والوں میں بچے خواتین اور بڑے بھی شامل ہیں جن میں شیر علی، اللہ دتہ ،عمران مانی ،دعافاطمہ، مرتضیٰ، بہادر علی، میرا،فاطمہ ،عثمان، کلثوم ،نواب، لاریب، نذیر احمد، ندیم، تنویر، حیدر علی، اریبہ، ممتاز بی بی ،بابر علی ودیگر سمیت 10کے قریب افراد شامل تھے ۔ محکمہ فوڈاتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے بیکری کو سیل کرکے سیمپل ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوادیئے جبکہ بیکری مالک کو 2لاکھ سے زیادہ جرمانہ بھی عائد کیا۔متاثرین نے کارروائی کیلئے تھانہ عطاشہید میں بیکری مالک کے خلاف درخواست جمع کروادی ۔ پتوکی میں متاثرہ خاندان نے رات کو گھر میں بریانی تیار کی تھی، جس کا کچھ حصہ بچ گیا ۔ وہی بریانی صبح ناشتے میں کھانے سے گھر کے 4 افراد کو فوڈ پوائزننگ کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ افراد فوری طور پر آر ایچ سی ہلہ پہنچے ، تاہم طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر ریسکیو ٹیم کو مدد کیلئے طلب کیا گیا۔ریسکیو گاڑی نے فوری طور پر متاثرین کو طبی امداد فراہم کی اور انہیں مزید علاج کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی منتقل کر دیا۔متاثرہ افراد میں 50سالہ شہناز زوجہ منظور، 13سالہ یاسر ولد آصف، 30سالہ بلقیس بی بی زوجہ محمدآصف اور 28سالہ شازیہ دختر عاشق شامل ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق مریضوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے ۔پولیس مصروف کارروائی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں