پشاور 16، کراچی میں 12 گھنٹے بجلی بند، لیسکو کا شارٹ فال 200 میگاواٹ
لیسکو میں طلب 2600،نیشنل گرڈ سے 2400میگا واٹ بجلی مل رہی ،شہروں میں 4،دیہات میں 5گھنٹے لوڈشیڈنگ کراچی میں گرمی بھی بڑھ گئی ،معمولات زندگی متاثر ،پشاور کے شہریوں کی زندگی بھی اجیرن ،کوئٹہ میں 5گھنٹے بجلی بند
لاہور ،کراچی ،اسلام آباد (اپنے کامرس رپورٹر سے ،نیوزایجنسیاں)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی کی طلب بڑھ گئی اور شارٹ فال 200میگا واٹ ہوگیا جبکہ پشاور میں 16اور کراچی میں 12گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیر ن کردی ۔تفصیلات کے مطابق لیسکو میں بجلی کی طلب 2600میگا واٹ تک پہنچ گئی جبکہ نیشنل گرڈ سٹیشن سے لیسکو کو 2400 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے ،لیسکو کا شارٹ فال 200 میگاواٹ ہے ۔لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں تین سے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ ہائی لاسز والے فیڈرز پر غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، دیہی علاقوں میں پانچ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ آئیسکو ریجن میں بجلی کی موجودہ طلب تقریبا 700 میگا واٹ ہے ، ریجن بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق تاحال آئیسکو ریجن میں کہیں بھی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جا رہی۔صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کاروبار بھی ٹھپ ہوکررہ گئے ہیں ۔صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں علانیہ و غیر علانیہ لوڈشیڈنگ 12 گھنٹوں سے تجاوز کرگئی ہے ،گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں ۔کراچی میں کورنگی، سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد اور صدر سمیت مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ نے کمرشل علاقوں کے ساتھ رہائشی علاقوں کو بھی متاثر کیا ہے ، کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہیں جبکہ کوئٹہ میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہیں، بلوچستان کے دیگر اضلاع میں 8 سے 10 گھنٹے کی بجلی بندش معمول بن گئی ہے ۔