مسائل کے انبار،حکومت ہرشعبے میں ناکام :پی ٹی آئی پنجاب
مہنگائی میں اضافہ،تعلیم اورصحت کے شعبے تباہ ،50ہزاراسامیاں ختم کردی گئیں ایران امریکا امن معاہدہ کی حمایت کرتے ہیں:فوکل پرسن بریگیڈیئر (ر)مشتاق احمد
لاہور (سیاسی نمائندہ)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے فوکل پرسن اور رکن پنجاب اسمبلی بریگیڈیئر (ر)مشتاق احمد نے کہا صوبے میں مسائل کے انبار لگ چکے ہیں ، حکومت ہر شعبے میں ناکام نظر آ رہی ہے ، بطور جماعت ایران امریکا امن معاہدے کی حمایت کرتے ہیں اور امید ہے کہ خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا،بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ جنگ کی مخالفت کی، انہوں نے آئی ایم ایف کی شرائط کو خوفناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ان سے ملکی انڈسٹری تباہ ہو سکتی ہے ۔پنجاب اسمبلی کے میڈیا ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہاکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی اور مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، تعلیم کے بعد صحت کے شعبے کوتباہ کیا جا رہا ہے اور مختلف محکموں میں 50 ہزار اسامیاں ختم کر دی گئی ہیں۔نواز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں مسترد کیا مگر وہ اقتدار میں ہیں۔ان کا کہناتھاکہ پنجاب حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اقدامات بھی سوالیہ نشان ہیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ بشریٰ بی بی کی حالیہ سرجری کے بعد فیملی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، حکومت مسائل کے حل کی بجائے صرف دعوئوں تک محدود ہے ،فوری طور پر عوام کو ریلیف دینے ، مہنگائی پر قابو پانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔