شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کے ریڈوارنٹ معطل ،سرنڈرکرینگے
رابعہ اور عمران نے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں سرنڈر کی درخواست کی تھی آئین کے تحت ہر پاکستانی کو رائٹ ٹو فیر ٹرائل کا حق حاصل:احتساب عدالت
لاہور(کورٹ رپورٹر)احتساب عدالت لاہور نے صاف پانی کمپنی کے مبینہ کرپشن کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کے دائمی اور ریڈ ورانٹ معطل کرکے ان کی سرنڈر کرنے کی درخواست منظورکرلی ۔ احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے رابعہ عمران اور عمران علی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیااورانہیں 5 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ احتساب عدالت نے مارچ 2021 میں دونوں کے دائمی وارنٹ جاری کئے تھے ، جس کے بعد ان کے ریڈ وارنٹ بھی جاری ہوئے ۔درخواست گزاروں کے مطابق ان کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے وارنٹ کی تعمیل نہیں ہوسکی ، اب وہ پاکستان واپس آکر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا اور ٹرائل کا سامنا کرنا چاہتے ہیں۔ نیب نے ریڈ وارنٹس کی معطلی کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا ، آئین کے تحت ہر پاکستانی کو رائٹ ٹو فیئر ٹرائل کا حق حاصل ہے ۔درخواست گزار میاں بیوی کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ شہباز شریف سمیت دیگر اس ریفرنس سے بری ہوچکے ہیں۔