کوہستان سکینڈل:3.92ارب کی پلی بارگین منظور
عدالت کاملزم کی رہائی کاحکم ، ٹھیکیدارایوب 10سال تک کسی عہدہ کیلئے نااہل
پشاور(دنیا نیوز)احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں نامزد ملزم ایوب ٹھیکیدار کی 3 ارب 92 کروڑ روپے سے زائد کی پلی بارگین درخواست منظور کر لی، جج محمد ظفر نے نیب کی جانب سے پیش کردہ پلی بارگین درخواست پر سماعت کی۔نیب پراسیکیوٹڑ نے کہا ملزم اپر کوہستان کے 37 ارب روپے کے غبن سکینڈل میں نامزد ہے ، تحقیقات کے دوران ملزم کو حراست میں لیا گیا،ملزم نے جیل سے پلی بارگین کی درخواست دی، جس کی چیئرمین نیب نے منظوری دی، ملزم کی جانب سے اب تک 11 کروڑ 90 لاکھ روپے کے پے آرڈرز جمع کرائے گئے ہیں، ملزم نے بقیہ رقم کیلئے ایبٹ آباد، اسلام آباد، مانسہرہ اور راولپنڈی کی جائیدادیں نیب کے حوالے کیں۔عدالت نے ملزم کے نیب کے ساتھ پلی بارگین کی توثیق کر دی،پلی بارگین کی منظوری کے بعد عدالت نے ملزم ایوب کی رہائی کا حکم دے دیا۔عدالت نے ملزم کو 10 سال کیلئے کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دے دیا۔