بھارت کو ٹرمپ نے جہنم کا گڑھا قرار دیدیا، تبصرہ نامناسب اور لاعلمی پر مبنی : بھارتی وزارت خارجہ

بھارت کو ٹرمپ نے جہنم کا گڑھا قرار دیدیا، تبصرہ نامناسب اور لاعلمی پر مبنی : بھارتی وزارت خارجہ

یہاں بچے پیدا ہوتے ہی امریکی شہری بن جاتے ہیں پھر وہ انڈیا یا زمین پر موجود کسی اور جہنم کے گڑھے سے پورا خاندان لے آتے ہیں،امریکی صدر کی ری پوسٹ وائرل بھارت کو ’ جہنم‘ بتانا ہتک آمیز، مودی کو سخت اعتراض کرنا چاہیے ، ٹریک ریکارڈ کے مطابق امید نہیں کی جا سکتی کہ وہ ٹرمپ کے آگے کچھ بول پائیں گے :کانگریس

واشنگٹن ،نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شہریت سے متعلق پوسٹ میں بھارت کو جہنم کا گڑھا اور بھارتیوں کو لیپ ٹاپ گینگسٹر قرار دیدیا۔بھارتی وزارت خارجہ نے کہا تبصرہ نامناسب اور لاعلمی پر مبنی ہے ۔ امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر مائیکل سیویج کی پوڈ کاسٹ کی پوسٹ شیئر کی جو وائرل ہوگئی، پوسٹ میں کہا گیا کہ لوگ حمل کے نویں مہینے میں امریکا آ جاتے ہیں اور (پیدائش کے فوری بعد) بچہ امریکی شہری بن جاتا ہے اور پھر وہ چین یا انڈیا یا زمین پر موجود کسی اور جہنم کے گڑھے سے پورے کا پورا خاندان امریکا لے آتے ہیں۔پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے سامنے پیدائشی حق شہریت کے بارے میں دلائل سن کر مجھے کچھ غصہ آیا کیونکہ میں نے جو کچھ سنا وہ قانونی طور پر پابندی لگا رہا تھا اور میرے لیے کافی قابل توجہ یہ تھا کہ وہ شخص جو امریکا کو غیرقانونی غیر ملکیوں کے ساتھ آباد کرنے کے حق میں دلائل پیش کرتا ہے تاکہ آبادی کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کیا جا سکے وہ ایک چینی امریکی تھا، جو مجھے کلاسک اٹارنی کی طرح بہت ہوشیار، بہت شریر اور بہت منحرف لگتا ہے۔

انہوں نے کہا یہ اٹارنی سانپ کا سر ہے ، جو پھر سے امریکا کو سیس پول میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے تھے ، ہم سب جانتے ہیں کہ ان دلائل کو کمرہ عدالت کے خلاصہ کے طور پر بیان نہیں کیا جانا چاہئے ، یہ واقعی قانون کے بارے میں نہیں ہے ، یہ رائے عامہ کے بارے میں ہے ،انہوں نے کہا یہاں اب انگریزی نہیں بولی جاتی کیوں کہ آج آنے والے تارکین وطن طبقے میں اس ملک کیلئے تقریباً کوئی وفاداری نہیں ہے ۔ صدر ٹرمپ کے اس بیان پر بھارتی شہری غصہ ہو گئے ،بھارتی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہم نے یہ تبصرہ دیکھا ہے اور اس کے جواب میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والا بیان بھی۔ یقینی طور پر یہ تبصرے لاعلمی پر مبنی، غیر مناسب اور ناموزوں ہیں۔بیان میں کہا گیا یہ تبصرے بھارت ، امریکا تعلقات کی درست عکاسی نہیں کرتے ، جو طویل عرصے سے باہمی عزت و احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں۔

بھارتی تجزیہ کار تحسین پونا والا نے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے ابھی ہمارے ہندوستان کو جہنم کا سوراخ کہا ہے ، انہوں نے ہندوستانی اور چینی تارکین وطن کو لیپ ٹاپ والے غنڈے بھی کہا کہ انہوں نے ہمارے جھنڈے پر قدم رکھا ہے ، بنیادی طور پریہ کافی بیمار ذہنیت ہے ۔روہت نامی ایک صارف نے لکھا کہ اس شخص کی اپنی خیالی دنیا ہے ، دوسروں کو ادنی ٰ انسان سمجھ کر خود کو بہت اونچا سمجھتا ہے ، مجھے افسوس ہے کہ ایسے بیوقوف صدر رکھنے والے امریکی کتنے عظیم ہیں۔بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا کہ امریکی صدر کے ذریعہ بھارت کو ‘ جہنم’ بتانا ہتک آمیز ہے ۔ اس بات کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو امریکی صدر سے بات کرنی چاہیے اور سخت اعتراض درج کرانا چاہیے ۔کانگریس نے یہ مطالبہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں کیا ہے ۔ کانگریس نے آگے لکھا ہے حالانکہ جس حساب کا نریندر مودی کا ٹریک ریکارڈ رہا ہے ، ایسے میں یہ امید نہیں کی جا سکتی کہ ٹرمپ کے آگے مودی کچھ بول پائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں