پنجاب میں لوکل گورنمنٹ الیکشن کیلئے حلقہ بندیوں کا آغاز
یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا عمل شروع، ابتدائی فہرست 25 مئی کو شائع حتمی فہرست 10 اگست کو جاری ، انتظامی یونٹس کی حدود میں تبدیلی پر پابندی
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )صوبہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ الیکشن کیلئے حلقہ بندیوں کا آغاز کر دیا گیا ۔ اس حوالے سے یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا،تمام انتظامی اقدامات، کمیٹیوں کی تشکیل اور اتھارٹیز کی تعیناتی 16 اپریل 2026 تک مکمل کر لی گئی ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حلقہ بندی کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کیلئے متعلقہ افسروں کی خصوصی تربیت کا انعقاد کیا گیاہے ، ابتدائی حلقہ بندی فہرست 25 مئی 2026 کو شائع کی جائے گی، عوام کو اعتراضات جمع کروانے کیلئے 26 مئی تا 23 جون 2026(عید تعطیلات کے علاوہ)کا وقت دیا گیا ہے ، اعتراضات پر فیصلے 22 جولائی 2026 تک (عاشورہ تعطیلات کے علاوہ)مکمل کیے جائیں گے ،فیصلوں کی ترسیل 4 اگست 2026 تک جبکہ حتمی حلقہ بندی فہرست 10 اگست 2026 کو جاری ہوگی ،پنجاب بھر میں انتظامی یونٹس کی حدود میں کسی بھی تبدیلی پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے ، تمام اضلاع، تحصیلوں اور مقامی حکومتوں کی حدود تاحکم ثانی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔الیکشن کمیشن کی تمام متعلقہ اداروں کو مقررہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت ،حلقہ بندی کے عمل میں شفافیت، غیر جانبداری اور قانون کی مکمل پاسداری یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔