وفاقی افسروں کے اثاثے ظاہرکرنے کے قواعد نافذ، ڈیجیٹل ڈیکلیریشن لازمی،ایف بی آر تصدیق کریگا

وفاقی افسروں کے اثاثے ظاہرکرنے  کے قواعد نافذ، ڈیجیٹل ڈیکلیریشن  لازمی،ایف بی آر تصدیق کریگا

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت نے سول سرونٹ افسروں کے اثاثہ جات گوشوارے جمع کرانے سے متعلق 1973ء کے قانون میں ترمیم کر دی ۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ ترمیم شدہ قواعد کے تحت گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران ہر مالی سال کے اختتام پر اپنے اثاثوں کی تفصیلات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے آن لائن پورٹل پر ڈیجیٹل طور پر جمع کرائیں گے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے احکامات کے مطابق افسران ہر سال 30 اکتوبر تک اپنے گوشوارے جمع کرانے کے پابند ہوں گے تاہم کسی غلطی یا مجبوری کی صورت میں متعلقہ افسر معقول وجوہات پیش کر کے اپنے کیڈر ایڈمنسٹریٹر کی منظوری سے 30 نومبر تک توسیع حاصل کر سکے گا۔ ڈیجیٹل ڈیکلیریشنز کی جانچ اور تصدیق کے لیے باقاعدہ نظام وضع کیا گیا ہے جس کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) طے شدہ فریم ورک کے مطابق خطرے کی بنیاد پر اثاثوں کی تصدیق کرے گا اور اپنی رپورٹ متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر کو ارسال کرے گا۔ کیڈر ایڈمنسٹریٹر اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ آیا اثاثوں میں کسی کمی، غلط بیانی یا غیر واضح اضافے کی بنیاد پر قانونی کارروائی ضروری ہے یا نہیں۔قواعد کے مطابق اگر کوئی اثاثہ یا اخراجات مشکوک قرار پائے تو متعلقہ سرکاری افسر کو وضاحت دینا ہوگی بصورت دیگر اس کے خلاف محکمانہ کارروائی، انکوائری یا تحقیقات شروع کی جا سکیں گی۔ترمیم شدہ قوانین کے تحت ان ڈیکلیریشنز کو عوامی سطح پر بھی ظاہر کیا جائے گا افسران کی حساس اور ذاتی معلومات کی رازداری برقرار رکھنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مقررہ قواعد کے مطابق بعض معلومات پوشیدہ رکھی جائیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں