فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی خودمختاری نامنظور:اسلامی ممالک

فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی خودمختاری نامنظور:اسلامی ممالک

مسجداقصیٰ میں دراندازی کی مذمت ،آزادفلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت عالمی برادری اسرائیل کو روکے ، پاکستان سمیت 8ممالک کا مشترکہ اعلامیہ

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اسرائیلی حکام کی جانب سے بیت المقدس کے مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت میں مبینہ مداخلت  کی شدید مذمت کی ہے جبکہ1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔8ملکوں کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الاقصیٰ مسجد کے احاطے میں اسرائیلی آباد کاروں اور انتہاپسند وزرا کی دراندازی ناقابل قبول ہے جبکہ وہاں اسرائیلی پرچم لہرانا کھلی اشتعال انگیزی کے مترادف ہے۔

اعلامیہ میں القدس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کی تاریخی و قانونی حیثیت برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔بیان میں واضح کیا گیا کہ الاقصیٰ مسجد کا مکمل 144 دونم رقبہ صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے اور اس کے انتظام کا واحد قانونی اختیار اردن کی اوقاف اتھارٹی کے پاس ہے ۔ اسرائیل کی جانب سے 30 نئی غیر قانونی بستیوں کی منظوری کی بھی شدید مذمت کی گئی، جبکہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں، سکولوں اور بچوں پر آبادکاروں کے حملوں کو بھی قابل مذمت قرار دیا گیا۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کی کوئی خودمختاری تسلیم نہیں کی جاتی اور فلسطینیوں کی بے دخلی یا علاقوں کے الحاق کی تمام کوششیں مسترد کی جاتی ہیں۔اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ اسرائیلی اقدامات دو ریاستی حل کو نقصان پہنچا رہے ہیں، لہٰذا عالمی برادری فوری طور پر مؤثر کردار ادا کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں