خیبر:سکیورٹی فورسز کا آپریشن،22دہشتگرد ہلاک،10سالہ بچہ شہید
افغان سرحد کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،خوفزدہ فتنہ الخوارج کی فائرنگ سے بچہ شہیدہوا،آئی ایس پی آر اسلحہ،گولہ بارود برآمد ، سرچ،کلیئرنس آپریشن ،صدر زرداری ،وزیر اعظم،بلاول ،محسن نقوی کا فورسز کو خراج تحسین
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)ضلع خیبر میں افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 21 اپریل کو کیا گیا تھا ،گرفتاری کے خوف اور بزدلی کے باعث دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آکر ایک 10سالہ معصوم بچہ بھی شہید ہوگیا،آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے ، ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ، علاقے میں موجود مزید کسی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے ،دریں اثنا صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 10 سالہ بچے کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ۔
انہوں نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں مائننگ سے منسلک کمپنی پر دہشتگرد حملے کی بھی مذمت کی ،انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چاغی میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث دہشتگرد بہت جلد قانون کی گرفت میں ہونگے ، وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسر وں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے ، وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے ،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،قوم کو فورسز کے دلیر سپوتوں پر ناز ہے ، وزیر داخلہ نے جام شہادت نوش کرنے والے 10 سالہ بچے کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔