لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ جاری

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ جاری

شہری علاقوں میں 3 ، دیہی میں 5 گھنٹے تک بجلی بند ، نظام زندگی درہم برہم

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )شدید گرمی میں بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی ،لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ جاری، شہریوں کا جینا محال ہو گیا۔ گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کے ترسیلی نظام پربھی لوڈ بڑھنے اور تکنیکی خرابیوں کے باعث بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا،غیراعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا،لیسکو ریجن کے شہری  علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے ، دیہی علاقوں میں 4 سے 5 گھنٹے غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی۔ شیخوپورہ، قصور،ننکانہ،اوکاڑہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات سمیت مختلف شہروں میں بھی غیر علانیہ اور فورس لوڈشیڈنگ کی گئی،بجلی تقسیم کار کمپنیاں لوڈشیڈنگ کا شیڈول بھی جاری نہ کرسکیں ۔ گزشتہ شام 4 سے رات 12 بجے تک لیسکو کی بجلی کی اوسط طلب 3847 جبکہ فراہمی 3289 میگاواٹ ریکارڈکی گئی ، اس دوران اوسط شارٹ فال 508 میگاواٹ تک رہا ۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران کمرشل اور انڈسٹریل فیڈرز پر 2، 2 گھنٹے لوڈ مینجمنٹ کی گئی، شہری اور دیہی علاقوں میں 1 گھنٹہ 5 منٹ لوڈ مینجمنٹ ریکارڈ کی گئی ،رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک بجلی کا شارٹ فال 508 میگاواٹ سے کم ہو کر 446 میگاواٹ ہوگیا ۔ لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ رات 12 بجے کے بعد شہری علاقوں میں 45 منٹ، دیہی علاقوں میں 55 منٹ لوڈ مینجمنٹ کی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں