وفاقی آئینی عدالت:کراچی تجاوزات کیس سماعت کیلئے مقرر
سعید غنی کیخلاف توہین عدالت ،بری امام گھروں کی مسماری کیس کی بھی سماعت ہوگی کیسز جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 30 اپریل کو سنے گا، نوٹسزجاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) وفاقی آئینی عدالت نے کراچی میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے ، اس کیس میں صوبائی وزیر سعید غنی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر بھی سماعت کی جائے گی،ذرائع کے مطابق تجاوزات کیس میں سعید غنی کے خلاف حکم عدولی پر توہین عدالت کی درخواست 2019 میں دائر کی گئی تھی، جسے اب دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے ، اس سلسلے میں عدالت کی جانب سے متعلقہ فریقین کو نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت نے مسلم کالونی بری امام میں گھروں کی مسماری سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے ۔رہائشیوں نے آپریشن روکنے کے حکم کی معطلی کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کر رکھی ہے ۔یہ کیسز جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 30 اپریل کو سنے گا۔