زرعی غذائی نظام کی تبدیلی ضرورت بن چکی،وزیر خوراک
ایف اے او کے 38ویں وزارتی اجلاس کے موقع پرپرنس برونائی سے ملاقات
اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان نے ایف اے او کے 38ویں وزارتی اجلاس کے دوران پائیدار زرعی غذائی نظام کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ زرعی غذائی نظام کی فوری تبدیلی ضرورت بن چکی ہے ، وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے قومی اور عالمی سطح پر مستقبل کا ایک واضح وژن پیش کیا۔ایشیا و مشرقِ وسطیٰ کے لیے ایف اے او کی 38ویں علاقائی کانفرنس کا افتتاح شہزادہ معظم پرنس حاجی المحتدی باللہ نے کیا۔وفاقی وزیر نے شہزادہ معظم سے ملاقات کی اور صدرِ پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی جانب سے برونائی دارالسلام کے بادشاہ معظم سلطان حاجی حسنال بلقیہ معزالدین ودہ اللہ اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایف اے او کے ڈائریکٹر جنرل کی قیادت کو سرا ہا ۔ وفاقی وزیر نے کہا موسمیاتی تبدیلی، معاشی اتار چڑھاؤ، توانائی کے بحران اور علاقائی عدم استحکام کے باعث زرعی غذائی نظام شدید دباؤ کا شکار ہے جس کے پیش نظر فوری اور تیز رفتار اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں، وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی غذائی نظام کی تبدیلی تنہا ممکن نہیں اور اس کے لیے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانا ضروری ہے ۔