ایران امریکا مذاکرات کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے : اسحاق ڈار، ترک، مصری وزراخارجہ سے رابطہ
نائب وزیراعظم نے حکان فیدان ،بدر عبدالعاطی کو سفارتی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لئے مسلسل روابط اور سفارتی مشاورت نہایت اہم ہیں ، رہنماؤں کا اتفاق
اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کیلئے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے سہولت کاری فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا انہوں نے کہا پاکستان خطے کے وسیع تر مفاد میں ایران امریکا مذاکرات کے لئے اپنی کوششیں مسلسل جاری رکھے گا۔نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ سہولت کاری کے عمل پر صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ بیانات ہی پاکستان کی اصل پالیسی کے عکاس ہیں۔بے نام حکام یا ذرائع سے منسوب خبریں چاہے وہ پرنٹ میڈیا پر ہوں یا سوشل میڈیا پر،پاکستان کے سرکاری موقف کی نمائندگی نہیں کرتیں۔نائب وزیراعظم نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کرنے اور صرف سرکاری بیانات پر توجہ دینے کی تاکید کی۔
دریں اثنا اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے مسلسل رابطہ ہی خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کا واحد مؤثر ذریعہ ہے ۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اسحاق ڈار نے مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ہی مؤثر اور قابلِ عمل راستہ ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ پائیدار امن کے حصول کے لئے مسلسل روابط اور سفارتی مشاورت نہایت اہم ہیں۔پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی سرگرمیوں کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مثبت پیش رفت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔