پختونخوا:افغانیوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈز کے اجراء کا انکشاف
پارا چنار میں 5 پٹواریوں،2نادرا اہلکاروں سمیت 27 افراد کیخلاف مقدمہ درج
کوہاٹ (این این آئی)پختونخوا میں قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈز کے اجراء کا بڑا سکینڈل بے نقاب ہوگیا ، 27 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا،، حکام نے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ذرائع کے مطابق نامزد ملز موں میں محکمہ ریونیو کے 5 پٹواری، نادرا کے 2 اہلکار، 4 ویلج کونسل سیکرٹریز اور 16 مقامی مشران (ملکان)شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام کی رپورٹ کی روشنی میں سٹی پولیس سٹیشن پاراچنار میں مقدمہ درج کیا گیاہے ۔ بعض نامزد ملزموں نے مقامی عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کرلی جبکہ تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کتنے افغان شہریوں کو جعلی شناختی کارڈز جاری کئے گئے ۔