پشاور ریوائیول پلان کیلئے 173 ارب کے منصوبوں کی منظوری

پشاور ریوائیول پلان کیلئے  173 ارب کے منصوبوں کی منظوری

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور ریوائیول پلان کے تحت 173 ارب 78 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ۔

 منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر، انڈر پاسز، لنک روڈز، بجلی کی تاریں زیر زمین بچھانا، بڈھنی نالے کی تعمیر، پارکس، سبزی و فروٹ منڈیاں اور مذبحہ خانے شامل ہیں۔موجودہ مالی سال میں ان منصوبوں کے لیے 33 ارب 73 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ابتدائی طور پر پشاور کے لیے 100 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں مزید منصوبے شامل ہونے سے مجموعی لاگت 173 ارب 78 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔حکومت نے مختلف محکموں کے لیے فنڈز بھی مختص کیے ہیں جن میں محکمہ بلدیات کے لیے 95 ارب 21 کروڑ روپے ، واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے لیے 43 ارب 26 کروڑ روپے جبکہ میٹروپولیٹن اور ٹی ایم ایز کے لیے 3 ارب 97 کروڑ روپے شامل ہیں۔اہم منصوبوں میں رنگ روڈ کے لیے 9 ارب 84 کروڑ روپے ، 35 سڑکوں کی تعمیر کے لیے 19 ارب 90 کروڑ روپے ، 9 انڈر پاسز کے لیے 9 ارب 93 کروڑ روپے ، اضاخیل کے قریب مصنوعی جنگل کے لیے 92 کروڑ روپے اور 34 پارکوں کے لیے ایک ارب روپے شامل ہیں۔مزید برآں پیرزکوڑی فلائی اوور سے خیبر روڈ اور جمرود روڈ تک بجلی کی تاریں زیر زمین بچھانے کے منصوبے پر 5 ارب 24 کروڑ روپے لاگت آئے گی جس میں نئے ٹرانسفارمرز بھی نصب کیے جائیں گے ۔ منصوبوں پر 30 جون سے قبل کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ، جبکہ کابینہ اجلاس میں ان کی تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں