آئل ، گھی،بیکری آئٹمز اور سگریٹس کی قیمتوں میں اضافہ
درجہ اول آئل اورگھی فی کلو 13سے 16 ،بڑی بریڈ 20روپے مہنگی مختلف برانڈز کے سگریٹس 100 سے 200روپے تک مہنگے کئے گئے
لاہور(این این آئی)اوپن مارکیٹ میں درجہ اول آئل ، گھی ،مختلف بیکری آئٹمز اورسگریٹس کی قیمتیں بڑھا دی گئیں ۔ اوپن مارکیٹ میں درجہ اول آئل اور گھی کی قیمتوں میں 13سے 16روپے اضافہ کر دیا گیا اور نامور برانڈ کے سن فلاور آئل کی 5 لٹر کی پیٹی 65روپے اضافے سے 3ہزار 90روپے ،کینولہ کی پیٹی80روپے اضافے سے 3ہزار 30روپے کی ہو گئی ، فی کلو سن فلاور آئل کی قیمت میں13اور کینولہ آئل کی قیمت میں16روپے اضافہ ہوا ، درجہ اول گھی 16روپے اضافے سے 590روپے سے بڑھ کر 606روپے کا ہو گیا۔علاوہ ازیں مختلف بیکری آئٹمز میں بڑی بریڈ کی قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 220 ،چھوٹی بریڈ 10 روپے اضافے سے 120 روپے کی ہو گئی،برگر بن پیکٹ کی قیمت 130 روپے سے بڑھا کر 150 روپے ،200 گرام رس کا پیکٹ 140 روپے سے بڑھا کر 160 روپے ،100 گرام باقر خانی کاپیکٹ 20روپے اضافے سے 120 روپے کا کر دیا گیا۔علاوہ ازیں سگریٹس میں ایک نامور برانڈ کے سگریٹ کا ڈنڈا 200روپے اضافے سے 5000روپے جبکہ ایک دوسرے برانڈ کے سگریٹ کا ڈنڈا 100روپے اضافے سے 2ہزار 520روپے کا ہو گیا۔