نیتن یاہو اور ٹرمپ میں ایران کے معاملے پر شدید تلخی کلامی
ٹیلی فون پر گفتگو ‘جہنم جیسی چیخ و پکار‘تھی :ذرائع ، میڈیا رپورٹ مکمل بے بنیاد :اسرائیلی حکومت
تل ابیب (نیوز ایجنسیاں )اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ایران کے معاملے پر فون پر شدید تلخ کلامی ہوئی، تاہم اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے میڈیا کی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے ۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کی ویب سائٹ کے مطابق، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہفتے کے اختتام پر ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں بنیادی طور پر ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے امکان پر بات ہوئی۔ گفتگو سے واقف نامعلوم ذرائع نے اسے غیر معمولی طور پر تلخ اور کشیدہ قرار دیا۔ ایک ذریعے نے مبینہ طور پر اسے ‘‘جہنم جیسی شدید چیخ و پکار’’ سے تعبیر کیا۔رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو مسلسل ٹرمپ پر ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے لیے زور دے رہے ہیں، جبکہ امریکی صدر سفارتی مذاکرات کو ایک اور موقع دینے اور ایران کے ساتھ تنازع کو مذاکرات کے ذریعے ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔تاہم نیتن یاہو کے دفتر نے اس خبر پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ‘‘جعلی خبر اور مکمل بکواس’’ قرار دیا۔ ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے ٹیلی فونک رابطے کی تصدیق کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ گفتگو ہرگز ناخوشگوار یا تلخ نہیں تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments