امریکا کو اب ایران سے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں،وقت گزرچکا:ٹرمپ

امریکا  کو  اب  ایران  سے  کسی  معاہدے  کی  ضرورت  نہیں،وقت  گزرچکا:ٹرمپ

ٹرمپ نے نائب صدر وینس کو ایران کیساتھ مذاکرات سے روک دیا،داخلی معاملات پرتوجہ دینے کی ہدایت آبنائے ہرمز میں تیل سے لدے 4ٹینکروں میں آتشزدگی،حوثیوں کا سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

واشنگٹن،تہران،ریاض(نیوز ایجنسیاں) امریکی  صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران کے ساتھ مذاکرات کے بجائے صرف امریکا میں مالی بدعنوانی اور دھوکا دہی کے خلاف کارروائیوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے ۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ اب کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، ایسے دن بہت پہلے گزر چکے ہیں۔ امریکا ایران کے سینکڑوں ارب ڈالر اور آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرچکا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ جیت چکا ہے ، تاہم یہ ایک الگ سوال ہے کہ یہ تنازع کب ختم ہوگا۔امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی۔ ایران 1979 سے امریکا کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہے ۔ اس مسئلے کو بہت پہلے حل ہو جانا چاہیے تھا،اب صرف یہ سوال باقی ہے کہ ہم اسے کب ختم کرنا چاہتے ہیں۔

‘ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہماری فتح مکمل ہو، 93 فیصد فتح نہیں۔ یہ مکمل فتح ہوگی۔ جو کچھ ہم نے تباہ کیا ہے اسے دوبارہ تعمیر کرنے میں 25 سال لگیں گے ، اور امید ہے کہ ہمیں اس ملک کے کسی اور حصے کو تباہ نہیں کرنا پڑے گا۔ ایران کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں چار تیل بردار جہازوں میں آگ لگ گئی ۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق دو جہازوں نے بحریہ کی وارننگ نظرانداز کرتے ہوئے ممنوعہ جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کی جس کے دوران زوردار دھماکے سے ان میں آگ بھڑک اٹھی۔ دونوں جہازوں میں 40 لاکھ بیرل سے زائد تیل موجود تھا۔ ایرانی فوج نے بعدازاں دو مزید جہازوں میں بحری سرنگ سے ٹکرانے کے باعث آگ لگنے کی اطلاع دی۔ حکام نے جہازوں کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی۔ایران میں رہبر اعلیٰ کے انتخاب اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی کونسل مجلسِ خبرگانِ رہبری نے ایک بیان میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے دستبردار ہونے اور ایران کے دفاعی نظریے پر نظرِ ثانی پر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این پی ٹی سے علیحدگی اور دشمن کو باز رکھنے کے لیے ضروری دفاعی قوت پیدا کرنے کے لیے دفاعی نظریے میں تبدیلی پر غور کرنا اب ایک ناگزیر ضرورت اور عوامی و قومی مطالبہ بن چکا ہے ۔

برطانیہ کی عدالت نے ایران کی انٹیلی جنس سروس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں دو ایرانی شہریوں کو مجرم قرار دے دیا۔ استغاثہ کے مطابق 41 سالہ مصطفی سپہوند اور 46 سالہ فرہاد منش نے اگست 2024 سے مارچ 2025 کے دوران دو صحافیوں، ایک وکیل اور میڈیا پروڈکشن سے وابستہ شخص کی نگرانی اور جاسوسی کی تھی۔ ملزمان نے اپنے خلاف الزامات مسترد کیے تھے ۔ عدالت نے تیسرے ملزم 57 سالہ شاپور نوری کو بری کردیا۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزمان ایران مخالف افراد کی معلومات ایران میں اپنے رابطوں کو فراہم کرتے تھے جبکہ ایک ملزم حملے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا تھا۔ یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی مشرقی مغربی تیل پائپ لائن کے پمپنگ سٹیشن اور بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع میں تیل کی تنصیب پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے ۔ حوثی ترجمان یحیی سریع نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ پمپنگ سٹیشن نمبر 7 کو ڈرون جبکہ ینبع کی آئل تنصیب کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ دونوں کارروائیاں کامیاب رہیں۔ سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے ڈرون حملوں کی نئی لہر کے دوران ریاض اور مشرقی علاقے میں دو ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ سعودی فوجی اتحاد کے مطابق بدھ کی شب مغربی سعودی عرب کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائل بھی تباہ کردئیے تھے جبکہ جنوبی علاقے اور مکہ مکرمہ کے اطراف مزید دو ڈرون مار گرائے گئے ۔ میزائل کا ملبہ مکہ سے 35 کلومیٹر دور گاؤں سبوحہ میں گرا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...