ٹرانسپورٹ کھلنے کے بعدجڑواں شہروں کی رونقیں بحال
تازہ پھل، سبزیاں اور اشیائے خورونوش کی فراہمی میں بھی بہتری آئیگی پیرودھائی سمیت تمام ٹرانسپورٹ اڈے آج صبح 6 بجے سے کھل جائیں گے
راولپنڈی(زاہداعوان/نیوزرپورٹر)راولپنڈی اسلام آباد میں پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کو داخلے کی اجازت ملنے کے بعد جڑواں شہروں کی رونقیں بحال ہوگئیں، کاروبار زندگی فعال اور سڑکوں پر مکمل ٹریفک بحال ہوگئی۔،داخلی و خارجی راستے کھول دئیے گئے جبکہ دونوں شہروں میں میٹرو اور الیکٹرک بس سروس بھی رواں دواں ہوگئی جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ ہیوی ٹرانسپورٹ اور میٹرو بس سروس کی بندش سے جڑواں شہروں کے عوام شدید مشکلات کا شکار تھے ۔ تازہ پھل، سبزیاں اور دیگر اشیائے خورونوش کی فراہمی میں بڑی حد تک کمی آگئی تھی جس سے پھلوں و سبزیوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی تھیں۔ جان بچانے والی ادویات کی بھی قلت سامنے آئی جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے ایک روز قبل نوٹس لیتے ہوئے دواساز کمپنیوں کی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت دیدی تھی، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی بحالی سے پردیسی بھی اپنی منزل مقصود کی جانب رواں دواں ہوگئے ۔این این آئی کے مطابق پیرودھائی سمیت تمام ٹرانسپورٹ اڈوں کو آج صبح 6 بجے سے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے ،حکام کے مطابق شہر میں ٹرانسپورٹ کی بحالی سے شہریوں کو سفری سہولت میسر آئے گی اور معمولات زندگی بتدریج بحال ہونگے ۔