ڈریپ ملازمین کے پنشن قواعد گیارہ سال سے التوا کاشکار
وزارت خزانہ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے منظوری نہ ملنے پر ملازمین شدید مشکلات کا شکار عدالتی احکامات پر چند افسران کو عارضی پنشن جاری، مستقل قواعد منظور نہ ہو سکے
اسلام آباد (ایس ایم زمان) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے افسران اور ملازمین کے لیے پنشن قواعد گزشتہ گیارہ سال سے تیار نہیں ہو سکے ۔ وزارت خزانہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے منظوری نہ ملنے کے باعث حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران و ملازمین کو پنشن کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے پنشن قواعد تاحال متعلقہ اداروں سے منظور نہیں ہو سکے جس کے باعث متعدد ملازمین پنشن کی سہولت سے محروم ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2015 کے تحت براہ راست بھرتی ہونے والے ملازمین اور سول سرونٹس سے ادارے میں ضم ہونے والے افسران بھی اس مسئلے سے متاثر ہیں۔مزید برآں بعض ریٹائرڈ افسران کو عدالت کے احکامات پر عارضی طور پر پنشن جاری کی گئی ہے ، تاہم مستقل حل نہ ہونے سے مسائل برقرار ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ قواعد کی منظوری کے لیے معاملہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت خزانہ کو بھجوا دیا گیا ہے ۔