بجلی، گیس، پٹرول قیمتوں میں استحکام لانا وقت کی پکار،خالد مقبول
کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت متحدہ بزنس فورم کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سنگین معاشی صورتحال اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین معاشی موڑ پر کھڑا ہے ، ایسے میں تاجر برادری اور صنعتکار ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی سطح پر تاجروں کے مسائل اٹھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات اور بجلی و گیس، پٹرول کی قیمتوں میں استحکام لانا وقت کی پکار ہے ۔