بجلی ، امن نہ ہی موبائل سگنلز اورانٹر نیٹ :پختونخوا اسمبلی میں تقاریر
ارکان کافنانس کمیٹی کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار ، یونیورسٹیز ترمیمی بل منظور
پشاور (نیوز ایجنسیاں ) خیبرپختونخوا اسمبلی میں ارکان نے تقاریر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بجلی ، امن ، موبائل سگنلز ہیں نہ ہی انٹر نیٹ، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کی زیر صدارت اجلاس کے آغاز پر فنانس کمیٹی کے چیئرمین اور اے این پی کے رکن ارباب عثمان نے نکتہ اعتراض پر فنانس کمیٹی کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک سال گزرنے کے باوجود کمیٹی کے معاملات میں کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔ ایوا ن نے یونیورسٹیز ترمیمی بل 2026 کی بھی منظوری دیدی، وقفہ سوالات کے دوران ٹرانسفارمر مرمت کیلئے مختص فنڈز کے استعمال اور شفافیت پر شدید سوالات اٹھا ئے گئے۔ جبکہ حکومتی وضاحت پر بھی اراکین مطمئن نظر نہ آئے۔