لوڈشیڈنگ سے عدالتی کارروائی متاثر ،ویڈیولنک حاضری نہ ہوسکی
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عدالتی کارروائی بھی متاثر کرنے لگی۔
گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آبادمیں کیسز کی سماعتوں کے دوران جیل میں قید ملزمان کو ویڈیو لنک پر عدالتوں میں پیش نہ کیا جا سکا، معلوم ہواکہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بجلی بند ہے ، جس کی وجہ سے ملزمان کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالتوں میں پیش نہ کیا جاسکا،ملزمان کی عدم دستیابی کے باعث متعدد کیسز کی سماعت آگے نہ بڑھ سکی،پولیس نفری کی دیگر جگہ ڈیوٹیاں سرانجام دینے کے باعث ملزمان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کیا جانا تھا۔