اسلامی نظریاتی کونسل کی ہیومن ملک بینک بل کی منظوری
ازدواجی اثاثہ کیس پر تحفظات، افواج پاکستان اور حکومتی قیادت کو خراج تحسین پاکستان کی امن کوششوں کی تعریف ،طاہراشرفی کیساتھ لندن واقعے پر تشویش
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل نے ہیومن ملک بینک کے لیے سندھ حکومت کے بل کی اصولی منظوری دے دی، جبکہ ازدواجی اثاثوں کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس اور سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اسلامی نظریاتی کونسل کا 245واں اجلاس آن لائن منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کی۔ معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہا گیا۔
اجلاس میں پہلگام واقعہ 2025ء کو فالس فلیگ قرار دیتے ہوئے بھارت کے الزامات کو مسترد کیا گیا اور آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی کو تاریخی فتح قرار دیا گیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان تنازع میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔کونسل نے علامہ طاہر محمود اشرفی کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مزید برآں، ضرورت مند بچوں کے لیے محفوظ شیر مادر (مدر ملک بینک) کے قیام سے متعلق سندھ کے بل کی اصولی منظوری دی گئی۔مقدس اوراق کی ری سائیکلنگ کے لیے وزارت مذہبی امور کے ایس او پیز بھی منظور کیے گئے ۔ اجلاس وفاقی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ورچوئل طریقے سے منعقد ہوا۔