پلاٹ الاٹمنٹ کیس اب نیابینچ سنے گا:جسٹس محسن کیانی
نئے جج کے آگے ٹرائی کر لینا ہو سکتا آپ کی بات سمجھ لیں ،وکیل سے مکالمہ بعض اوقات ایک جج کیس نہیں سمجھ سکتا، دوسرا سمجھ جاتا ہے :ریمارکس
اسلام آباد (رضوان قاضی) اسلام آباد ہائیکور ٹ میں مقدمات کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی اوروکلاء کے مابین مکالمہ ہوا، کازلسٹ میں پہلے کیس کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے وکیل سے کہاکہ اب یہ کیس نیا بینچ سنے گا، سی ڈی اے سے متعلق پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت کے دوران دلچسپ صورتحال رہی۔ درخواست گزار کے وکیل عدالت کو دلائل سے مطمئن نہ کر سکے ، جسٹس محسن اختر کیانی نے وکیل سے کہا آپ کے دلائل سے مطمئن نہیں لیکن ایک ریلیف دیتا ہوں، کیس کا فیصلہ نہیں کرتے ، کیس نئے جج صاحب سن لیں گے ، ہو سکتا ہے وہ آپ کی بات سمجھ سکیں، آپ نئے جج صاحب کے آگے ٹرائی کرلینا۔ جسٹس محسن کیانی کے ریمارکس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے ، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ بعض اوقات ایک جج کیس نہیں سمجھ سکتا لیکن دوسرا سمجھ جاتا ہے ، سی ڈی اے کے وکیل نے جسٹس محسن اختر سے کہا میرے لیے اعزاز ہے کہ ہم آپ کے سامنے پیش ہوتے رہے ۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت ملتوی کر دی۔