بزنس فورم اختتام پذیر : 300 یورپی کمپنیاں ایک پلیٹ فارم پر جمع

بزنس فورم اختتام پذیر : 300 یورپی کمپنیاں ایک پلیٹ فارم پر جمع

600ملاقاتیں، 160ملین یورو قرض معاہدے ، 400ارب یورو سرمایہ کاری متوقع فورم میں یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے حکمت عملی کے تحت اہم منصوبوں کا اعلان

 اسلام آباد (الماس حیدر نقوی) یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پہلا ہائی لیول یورپی یونین پاکستان بزنس فورم اختتام پذیر ہوگیا۔ فورم کے نتیجے میں یورپی یونین پاکستان بزنس نیٹورک قائم کیا گیا جس کے تحت پاکستان میں کام کرنے والی 300 سے زائد یورپی کمپنیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا ہے ۔ یہ نیٹ ورک پالیسی مکالمے کو فروغ دینے اور نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔فورم کے دوران یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے حکمت عملی کے تحت اہم منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت 2021 سے 2027 تک 400 ارب یورو تک سرمایہ کاری کو فروغ دینا مقصود ہے ۔

بہتر طرز حکمرانی اور کاروباری ماحول پروگرام جس کی مالیت 24.1 ملین یورو ہے کا افتتاح وزیر تجارت جام کمال خان اور یورپی کمیشن کے نمائندے نے کیا۔ اس منصوبے کا مقصد برآمدی شعبے سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی مسابقت بڑھانا ہے ۔اسی سلسلے میں پشاور میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سینٹر آف ایکسی لینس کا افتتاح بھی کیا گیا جہاں نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی جدید مہارتیں سکھائی جائیں گی۔ فورم کی ایک اہم پیش رفت یورپی انویسٹمنٹ بینک اور حکومت پاکستان کے درمیان 160 ملین یورو کے قرض معاہدوں پر دستخط بھی ہے جس سے ترقیاتی منصوبوں کو تقویت ملے گی۔دو روزہ فورم کے دوران 600 سے زائد بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں ہوئیں جس سے یورپی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر ہوئی۔ ان شعبوں میں زرعی کاروبار، ڈیجیٹل جدت، فن ٹیک، گرین لاجسٹکس، قابل تجدید توانائی، ٹیکسٹائل اور کان کنی شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں