سی ڈی اے ریکارڈ 120 دن میں ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ
غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو کام کی اجازت نہیں دی جائیگی ، محسن نقوی وزیرداخلہ کی زیر صدارت 4گھنٹے طویل اجلاس ، منصوبوں کا تفصیلی جائزہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت 4گھنٹے طویل اجلاس ہوا ، اجلاس میں جاری عوامی منصوبوں پر پیش رفت اور نئے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تمام ریکارڈ کو 120 دن کے اندر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ اس اقدام سے شہری اپنی درخواستوں کی صورتحال آن لائن معلوم کر سکیں گے ،محسن نقوی نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں نئے کنونشن سینٹر، ایکسپو سینٹر اور اسلام آباد ارینہ کی تعمیر کے لئے تین بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل ہونے سے آگاہ کیا گیا جبکہ ہدایت کی گئی کہ یہ منصوبے شنگھائی تعاون تنظیم سمٹ سے قبل مکمل کئے جائیں۔
اجلاس میں ایف 6 میں خدمت مرکز کے قیام کے لئے اراضی مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، شہریوں کو جدید تفریحی سہولیات ،ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔وزیر داخلہ نے کھیلوں کے فروغ کے لئے جدید سپورٹس کمپلیکس بنانے پر زور دیا، جبکہ ایف نائن پارک کو ہائیڈ پارک کی طرز پر ترقی دینے اور شاہدرہ ڈیم کے اطراف تفریحی سہولیات کے جامع منصوبے طلب کر لئے ۔اجلاس میں ایکسپریس وے اور کلب روڈ کی بیوٹیفکیشن اور لائٹنگ کا کام فوری شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔محسن نقوی نے سی ڈی اے میں کرپشن سکینڈل بے نقاب کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور ممبر سٹیٹ زمان وٹو کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرپشن میں ملوث کسی فرد کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایکسپریس وے پر سروس روڈ کی تعمیر پلاننگ ڈو یژن کی منظوری کے بعد شروع کی جائے گی۔