چین : جدید ہنگور آبدوز پاکستانی بحری بیڑے میں شامل

چین : جدید ہنگور آبدوز پاکستانی بحری بیڑے میں شامل

سمندی دفاع ناقابل تسخیر :زرداری،دوستی میں نئے باب کا اضافہ :نوید اشرف 4آبدوزیں چین،4پاکستان میں تیار ہوں گی،وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کی مبارکباد

 راولپنڈی، اسلام آباد (دنیا نیوز، خصوصی نیوز رپورٹر ، سٹاف رپورٹر )پہلی ہنگور کلاس جدید آبدوز پاکستانی بحری بیڑے میں شامل ہوگئی ، جس سے پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہنگور کلاس آبدوز کی پاک بحریہ میں شمولیت کی تقریب چین کے شہر سانیا میں ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے ،صدر نے کہا کہ آبدوز ہنگور کی شمولیت پاک بحریہ کی جدت کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے ، پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اوراقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ، پاکستان ایک مضبوط، متوازن اور قابلِ اعتماد دفاعی نظام برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔

امیر البحر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہم سمندری گزرگاہوں پر بڑھتے خلل عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ کے لئے خطرہ بن رہے ہیں ایک مستحکم، اصولوں پر مبنی بحری نظام کو برقرار رکھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری افواج ناگزیر ہیں ۔ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، جدید سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن سے لیس ہیں، یہ آبدوزیں جارحیت کی روک تھام ،بحیرہ عرب اور وسیع تر بحرِ ہند میں اہم سمندری راستوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گی۔نیول چیف نے کہا کہ 1971 میں پہلی ہنگور نے دوسری جنگِ عظیم کے بعد کسی جنگی جہاز کو غرق کرنے والی پہلی آبدوز ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ مضبوط دوستی کے ایک اور باب کا اضافہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم، پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کی۔

دریں اثنا صدرمملکت آصف علی زرداری سے ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر لیو شیائومنگ نے ملاقات کی اور اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کو وسعت دینے اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت، امن، استحکام، مکالمے اور تعاون کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ۔صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین سدابہاراورتزویراتی شراکت دار ہیں۔ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے ۔دونوں ملکوں کی دوستی کی جڑیں عوام میں ہیں ، رواں سال سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے ، صدر نے بندرگاہوں کی ترقی، سیڈٹیکنالوجی اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ایک پاکستانی سرکاری عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ بیڑا آٹھ آبدوزوں پر مشتمل ہوگا، جن میں سے چار چین میں تیار کر کے اسلام آباد کو فراہم کی جائیں گی، جبکہ باقی چار پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے پروگرام کے تحت تیار کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں